... افغان حکومت میں دلہنوں کے میک اپ اور پرفیوم پر پابندی عائد

ads

افغان حکومت میں دلہنوں کے میک اپ اور پرفیوم پر پابندی عائد


افغانستان: طالبان حکومت کی شادی اور منگنی کی تقریبات کے لیے نئی پابندیاں

 افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت نے شادی اور منگنی کی تقریبات کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے مختلف رسومات، بیوٹی سروسز اور تفریحی سرگرمیوں پر مزید پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

نئی ہدایات کے تحت دلہنوں کے میک اپ، ہیئر ایکسٹینشن اور پرفیوم کے استعمال پر پابندی ہوگی، جبکہ خواتین کو بیوٹی سروسز حاصل کرنے کے لیے گھروں سے باہر جانے سے بھی منع کیا گیا ہے۔

حکم نامے میں منگنی کے موقع پر انگوٹھیوں کے تبادلے اور ایک دوسرے کے ہاتھوں پر مہندی لگانے کی روایات کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ طالبان حکام کا مؤقف ہے کہ انگوٹھی پہننے کی رسم اسلامی روایت کا حصہ نہیں بلکہ اسے مغربی اور عیسائی ثقافت سے جوڑا جاتا ہے۔

شادی بیاہ کی تقریبات میں موسیقی، رقص اور گانے بجانے پر عائد سابقہ پابندیوں پر بھی سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کو ان پابندیوں کی نگرانی مزید مؤثر بنانے کا کہا گیا ہے۔

حکومت نے ملک بھر کی مساجد کے ائمہ اور خطباء کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ جمعہ کے خطبات کے دوران عوام کو نئی ہدایات سے آگاہ کریں۔ حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مذہبی و اخلاقی اقدار کو مقدم رکھیں اور غیر ملکی ثقافتی روایات سے دور رہیں۔

نئی دستاویز میں شادی کی تقریبات کے دوران آتش بازی سے بھی گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق آتش بازی حادثات کا سبب بننے کے ساتھ ساتھ اردگرد موجود افراد کے لیے پریشانی اور تکلیف کا باعث بن سکتی ہے۔

واضح رہے کہ طالبان حکومت اس سے قبل افغانستان میں بیوٹی سیلونز بند کرنے کے علاوہ شادی کی تقریبات میں موسیقی پر بھی پابندی عائد کر چکی ہے۔ دوسری جانب ملک کو درپیش معاشی مشکلات اور غربت کے باعث کئی افغان خاندان پہلے ہی شادی بیاہ کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔


Post a Comment

0 Comments